اسلام آباد(الفجرآن لائن) سربراہ پاک فضائیہ، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے ترکیہ کے حالیہ دورے کے دوران ترک صدر جناب رجب طیب اردگان سے ملاقات کی۔ انقرہ آمد پر ترک صدر نے صدارتی کمپلیکس انقرہ میں ائیر چیف کا پرتپاک استقبال کیا۔ ملاقات میں سربراہان نے دونوں ممالک کے مابین دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات کے دوران سربراہ پاک فضائیہ نے دونوں ممالک کی یکساں اقدار اور باہمی شراکت داری کے عزم کو اجاگر کیا جو پاکستان اور ترکیہ کے مابین لازوال بھائی چارے کا مظہر ہیں۔ انہوں نے ترکیہ کے ساتھ دوطرفہ عسکری اور فضائی تعاون، بلخصوص دفاعی پیداوار اور نیکسٹ جنریشن ایرو اسپیس ٹیکنالوجی میں موجودہ شراکت داری کو فروغ دینے کے اپنے غیر متزلزل عزم کا اظہار کیا۔ ائیر چیف نے برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کی اہمیت پر روشنی ڈالی جو مشترکہ چیلنجز کا سامنے کرنے کے لیئے دونوں ممالک کے باہمی اتحاد کو تقویت دیتے ہیں۔ انہوں نے دفاع اور ہوا بازی کے شعبوں میں تعاون کے لیئے نئی راہیں استوار کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
صدر اردگان نے پاک فضائیہ کی قیادت کی جانب سے ملٹی ڈومین صلاحیتوں کے حصول کے لیئے طے کردہ لائحہ عمل کے عین مطابق سائبر، اسپیس، آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور الیکٹرانک وارفیئر جیسی جدید ٹیکنالوجیز میں پاک فضائیہ کی جانب سے کی گئی غیر معمولی پیشرفت کی تعریف کی۔ صدر اردگان نے پاکستان کی ایرو اسپیس انڈسٹری کی جانب سے ڈیزائن، تحقیق اور سافٹ ویئر ڈویلپمینٹ کے شعبوں میں گزشتہ چند برسوں کے دوران کی گئی پیش رفت اور KAAN کے نام سے شروع کیئے گئے نیکسٹ جنریشن فائٹر پروگرام میں سافٹ وئیر انٹیگریشن، ڈیزائن اور ڈویلپمینٹ میں پاک فضائیہ کی جانب سے فراہم کردہ تعاون کو سراہا۔ انہوں نے دونوں ممالک کی ملٹی ڈومین صلاحیتوں کو تقویت دینے کے لیے پاکستان میں تیار کردہ مہلک ڈسرپٹو ٹیکنالوجیز میں تعاون کا بھی ذکر کیا۔ ترک صدر نے اس خواہش کا بھی اظہار کیا کہ ایرو اسپیس انڈسٹری میں تعاون کے لیے موجودہ جوائنٹ ورکنگ گروپ فالواپس سہ ماہی کی بجائے ماہانہ بنیادوں پر کرنے کے لیئے جلد از جلد سفارتی سطح پر ایک فریم ورک پر دستخط کیئے جائیں گے۔
قبل ازیں ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے ترک فضائیہ کے کمانڈر جنرل ضیاء کمال کادیوگلو، چیف آف ترک جنرل سٹاف جنرل متین گوراک اور ترکیہ کے وزیر برائے قومی دفاع جنرل یاسر گولیر سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں جن سے دونوں ممالک کے مابین دفاعی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
سربراہ پاک فضائیہ کا ترکیہ کا یہ تاریخی دورہ دونوں برادر ممالک کے مابین موجودہ تعلقات کو مستحکم کرے گا۔ یہ دورہ دونوں ممالک کی جانب سے ایک محفوظ اور خوشحال خطے کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
ترجمان پاک فضائیہ