
اپنے ممبران کی تذلیل کسی صورت برداشت نہیں کروں گا، تمام واقعات کی تفصیلات فراہم کی جائیں، سردار ایاز صادق
اسلام آباد (الفجرآن لائن) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے گزشتہ رات گرفتارکئے گئے تمام پی ٹی آئی رہنماؤں کی رہائی کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے ممبران کی تذلیل کسی صورت برداشت نہیں کروں گا، تمام واقعات کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔ تفصیلات کے مطابق منگل کو قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت منعقد ہوا، اجلاس میں گزشتہ رات پارلیمنٹ ہاؤس سے پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاریوں کا معاملہ اٹھایا گیا،سپیکر نے واقعے کی شدید مذمت کی اور واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ واقعے پر سٹینڈ لینا پڑے گا، خاموش نہیں رہا جاسکتا، واقعے کی فوٹیجز طلب کی ہے معاملے کو سنجیدگی سے دیکھیں گے، ضرورت پڑی تو ملوث افراد کیخلاف ایف آئی آر کٹوائیں گے۔ بعدازاں سپیکر نے آئی جی اسلام آباد کو طلب کرتے ہوئے تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت کو چیمبر میں بلایا جس پر علی محمد خان، اعظم نذیر تارڑ، نوید قمر، محمود خان چکزئی سپیکر چیمبر میں گئے اور گزشتہ رات پیش آنیوالے واقعے پر مشاورت کی۔سپیکر نے قومی اسمبلی کی تمام داخلی و خارجی راستوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج منگوا ئیں جبکہ علی محمد خان نے بھی گزشتہ روز کے واقعے کی تمام فوٹیجز سپیکر کو فراہم کیں۔اپوزیشن اراکین نے سپیکر سے گرفتار اراکین کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔ آئی جی کے پیش ہونے پر سپیکر ایاز صادق نے گزشتہ رات کے واقعے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اپنے ممبران کی تذلیل کسی صورت برداشت نہیں کروں گا۔انہوں نے شیر افضل مروت کی گرفتاری کی فوٹیج دیکھتے ہوئے کہا کہ یہ کیا طریقہ تھا کسی پارلیمنٹرین کو گرفتار کرنے کا؟۔انہوں نے کہا کہ آپ پارلیمنٹ ہاؤس سے کسی کو گرفتار کرسکتے ہیں نہ پارلیمنٹ لاجز سے۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے آئی جی کو گزشتہ رات گرفتار کئے گئے تمام پارلیمنٹرینز کو فوری رہا کرنے کا حکم دیتے ہوئے تمام واقعات کی تفصیلات طلب کرلیں۔