
اسلام آباد (الفجرآن لائن) اے ڈی بی نے پاکستان کیلئے 32 کروڑ ڈالر قرضے کی منظوری دے دی۔ تفصیلات کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے 32 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی ہے۔ اے بی ڈی کے مطابق رقم سے خیبر پختونخوا میں سیلاب سے تباہ ہونیوالی 900 کلو میٹر سڑکیں اپ گریڈ کی جائیں گی،اقدام سے معاشی ترقی کو فروغ ملے گا اور مارکیٹوں، تعلیم اور صحت کی سہولیات تک رسائی میں بہتری آئے گی جبکہ لاکھوں لوگوں کو روزگار کے مواقع بھی فراہم ہوں گے۔
بیان کے مطابق خیبرپختونخوا کی اس ترقی سے ملک کے دیگر حصوں کو بھی فائدہ پہنچے گا۔اے بی ڈی کے مطابق خیبر پختونخوا صوبے میں موسمیاتی تبدیلی نے بہت نقصان پہنچایا ہے، انفرا اسٹرکچر مسائل اور بیماریوں کی وجہ سے لوگوں کی زندگی پر برے اثرات مرتب ہوئے ہیں،منصوبے کے تحت سیلاب اور لینڈ سلائیڈ نگ کے خطرات پر تحقیق کی جائے گی اور سیاحت کیلئے سڑکوں کی دیکھ بھال میں مدد فراہم کی جائے گی، جس سے علاقے کی سڑکوں کے نیٹ ورک کی پائیداری میں بہتری آئے گی۔