
آپریشن حزب اللہ کے اہداف تک محدود،حالات قابو میں آنے تک جاری رہے گا، اسرائیلی فوج
تل ابیب (الفجرآن لائن) اسرائیلی بری فوج 18 سال بعد لبنان میں داخل ہوگئی،متعدد علاقے خالی کروا لئے گئے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے لبنان میں حزب اللہ پر فضائی حملوں کے بعد آپریشن کی آڑ میں بری فوج بھی جنوبی علاقوں میں داخل کردی۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق بری فوج جنوبی لبنان میں مضافاتی علاقے الضاحیہ میں داخل ہوئی ہے جبکہ 3 دیہاتوں اللیکی، حارہ حریک اور برج البراجنہ کو خالی کروالیا۔اسرائیلی بری فوج نے ٹینکوں کے ذریعے حزب للہ کے زیر استعمال عمارتوں اور انفرا اسٹرکچر کو نشانہ بنایا،اس دوران فضائیہ کے طیارے بھی مدد کیلئے فضا میں اْڑتے رہے۔دوسری جانب اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نارتھن ایروز نامی ملٹری آپریشن جنوبی لبنان میں صرف حزب اللہ کے اہداف تک محدود رہے گا اور حالات قابو میں آنے تک جاری رہے گا۔یاد رہے کہ اسرائیلی فوج اس سے قبل 2006ء میں حزب اللہ کیساتھ جنگ کیلئے لبنان میں داخل ہوئی تھی