
نان فائلرز کے جائیداد ،گاڑی خریداری ،بیرون ملک سفر پر پابندی عائد، موبائل سمز بند، بجلی کنکشن منقطع کئے جائینگے، بیان
اسلام آباد (الفجرآن لائن)ایف بی آر نے 14 اکتوبر کے بعد نان فائلرز کیخلاف قانونی کارروائی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ نان فائلرز کے جائیداد ،گاڑی خریداری ،بیرون ملک سفر پر پابندی عائد، موبائل سمز بند، بجلی کنکشن منقطع کردیئے جائیں گے۔تفصیلات کے مطابق ایف بی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ٹیکس گوشوارے جمع کرانیوالوں کی تعداد 40لاکھ 30ہزار سے تجاوز کر گئی ہے ،ایک ہفتے کے دوران مزید 3لاکھ 92ہزار سے زائد افراد نے اپنے ٹیکس ریٹرنز فائل کئے ہیں،اب تک 105ارب روپے سے زائد کا ٹیکس جمع ہو چکا ہے۔ بیان کے مطابق گزشتہ سال کی نسبت رواں سال ٹیکس ریٹرنز فائل کرنیوالوں کی تعداد میں 19لاکھ 74ہزار 344کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے،ٹیکس گوشواروں میں 14لاکھ 80ہزار 545افراد نے اپنی قابل ٹیکس آمدن صفر ظاہر کی ہے۔بیان کے مطابق سال 2024ء کے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی توسیع شدہ ڈیڈ لائن میں صرف 6دن باقی رہ گئے ہیں ،اگر 14اکتوبر تک نان فائلرز نے گوشوارے جمع نہیں کرائے، تو ان کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی، ان کے جائیداد ،گاڑی خریدنے ،بیرون ملک سفر پر پابندی عائد، موبائل سمز بنداور بجلی کنکشن منقطع کئے جاسکتے ہیں۔