پولیس ہائی الرٹ، سیکیورٹی پلان ترتیب دے دیا،احتجاج سے نمٹنے کیلئے 1400 سے زائد پولیس اہلکار تعینات
راولپنڈی (الفجرآن لائن) لاہور میں طالبہ سے مبینہ زیادتی واقعے پر راولپنڈی میں طلباء نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کھنہ پل کے قریب نجی کالج کیمپس پر پتھراؤ کیا جس سے عمارت اور کھڑی بسوں و گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے،مظاہرین نے کالج کی لائبریری سے اشیاء اٹھا کر ایکسپریس ہائی وے اسلام آباد سے ملحق سروس روڈ پر رکھ کر آگ لگا دی۔ضلعی انتظامیہ راولپنڈی نے طالبہ زیادتی واقعے پر بڑھتے احتجاج سے نمٹنے اور امن و امان کی صورتحال پرقابو پانے کیلئے راولپنڈی پولیس کو ہائی الرٹ کر دیاہے،ضلعی پولیس کے خصوصی سیکیورٹی پلان کے مطابق طلباء کے احتجاج سے نمٹنے کیلئے مجموعی طور پر 1400سے زائد پولیس افسران و جوان ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ سیکیورٹی ڈیوٹی پر تین ایس پیز، 9 ڈی ایس پیز، 23ایس ایچ اوز سمیت دیگر فورس تعینات کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق نجی سکول و کالج کی برانچوں سمیت سرکاری و نیم سرکاری یونیورسٹیز و کالجز پر بھی سیکیورٹی تعینات کردی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق شہر و کینٹ سمیت گرد و نواح کے 15سے زائد اہم چوراہوں کمیٹی چوک، لیاقت باغ، چاندی چوک، کچہری چوک، فیض آباد، پیرودھائی موڑ، پشاور روڈ اور مال روڈ وغیرہ پر پولیس پکٹس قائم کر دی گئی ہیں،ایلیٹ فورس کے 5سیکشنز سمیت پولیس کی 8ٹیموں کو ربڑ بلٹس گنز و ربڑ بلٹس، آنسو گیس شیلز اور اینٹی رائٹ آلات سے لیس کرکے سٹینڈ بائی پوزیشن پر رکھا گیا ہے۔