
اسلام آباد(الفجرآن لائن)پی آئی اے کا فضائی میزبان کینیڈا سے مہنگے موبائل سمگل کرتے پکڑا گیا۔ کسٹم حکام کے مطابق کینیڈا سے اسلام آباد آنیوالی پی آئی اے کی پرواز پی کے 782ذریعے لاکھوں روپے کے موبائل فون سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی ہے۔ کسٹم حکم کے مطابق چیکنگ کے دوران پی آئی اے فلائٹ اسٹیورڈ فیصل مجید کے جسم کے گرد لپٹے 16 مہنگے موبائل فون برآمد کئے ہوئے ہیں جس کا وہ کوئی تسلی بخش جواب نہیں دے سکا۔ حکام کے مطابق فیصل مجید کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 3 دن میں جواب طلب کیا گیا ہے۔ شوکاز میں کہا گیا ہے کہ آپ کے اس عمل سے پی آئی اے کی ساکھ کو نقصان پہنچا ہے، عمل کی وضاحت کی جائے۔ واضح رہے کہ مئی 2023ء میں بھی پاکستان کسٹمز نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر کارروائی کے دوران کروڑوں مالیت کے موبائل فونز سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا ئی تھی۔