
اسلام آباد (الفجرآن لائن) وفاقی حکومت نے گیس لوڈمینجمنٹ کے تحت دسمبراور جنوری میں سی این جی اسٹیشنز کو گیس نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ گیس سے بجلی پیدا کرنیوالے پلانٹس کو بھی گیس فراہمی بند رہے گی۔ وفاقی وزارت پیٹرولیم کے مطابق گیس لوڈمینجمنٹ کے تحت سخت سردی والے 2ماہ دسمبراور جنوری کے دوران ملک بھر میں سی این جی سٹیشنز بند کر نے کا فیصلہ کیاگیا ہے،ان 2 ماہ کے دوران گیس سے بجلی پیدا کرنیوالے پلانٹس کو بھی گیس فراہمی بند رہے گی۔ حکام کے مطابق یہ فیصلہ قدرتی گیس کے گھریلو صارفین کو موسم سرما میں مسلسل فراہمی یقینی بنانے کیلئے کیا گیا ہے۔حکام کے مطابق سوئی ناردرن گیس کمپنی لمیٹڈ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ یکم دسمبر 2024ء سے 31جنوری 2025ء تک سی این جی اسٹیشنز بند رکھنے کے احکامات جاری کرے اور ان کے گیس کنکشن منقطع کرے۔