
مستونگ (الفجرآن لائن) مستونگ میں گرلز ہائی سکول کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق، 15 زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق بلوچستان کے ضلع مستونگ میں گرلز ہائی سکول سول ہسپتال چوک پر بم دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 15 زخمی ہوگئے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو و پولیس حکام موقع پر پہنچ گئے اور جاں بحق افراد کی نعشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔ سیکورٹی حکام کے مطابق دھماکے کی زد میں سکول بچوں کی وین سمیت پولیس گاڑی بھی آئی، ہلاک ہونیوالوں میں 3 بچے، 1 پولیس اہلکار اور ایک راہگیر شامل ہے جبکہ زخمی ہونیوالوں میں زیادہ تعداد بچوں کی شامل ہے جن کی عمریں 10 سے 13 سال کے درمیان ہیں۔ پولیس کے مطابق ریموٹ کنٹرول دھماکا خیز مواد موٹرسائیکل میں نصب تھا،بم دھماکے سے چوک میں موجود دیگر گاڑیوں اور رکشوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔