مسافروں کا شدید احتجاج، آب زم زم دے کر رخصت کردیا
کراچی (الفجر آن لائن) پی آئی اے پھر اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسافروں کا سامان جدہ چھوڑ آئی۔ ذرائع کے مطابق باکمال لوگ، لاجواب سروس کی دعویدار پی آئی اے کراچی آنیوالے 100عمرہ زائرین کا قیمتی سامان جدہ چھوڑ آئی،انتظامیہ نے مسافروں کو صرف آب زم زم دے کر رخصت کر دیا۔سامان سے محروم ہونے والے مسافروں نے بتایا کہ جدہ سے پرواز پی کے 832پونے 2گھنٹے تاخیر سے کراچی پہنچی، ہم سامان کیلئے ایئر پورٹ پر صبح ساڑھے 9بجے انتظار کرتے رہے،بعد ازاں پتہ چلا کہ 100سے زائد مسافروں کا ایک بیگ بھی کراچی نہیں پہنچا،انتظامیہ ہمیں (آج) بدھ کو آنے کا کہہ کر روانہ کررہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ احتجاج پر مسافروں کو آب زم زم فراہم کیا گیا ہے۔