دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ہزاروں پاکستانیوں نے جام شہادت نوش کیا، انمٹ و ناقابل فراموش قربانیوں کی نظیر اقوام عالم میں نہیں ملتی، چودھری شجاعت
پاکستان عظیم قربانیوں کا قرض ادا نہیں کر سکتا، شہدا کے خاندانوں کیساتھ ہیں،دھماکے بہادر قوم کا مقدر نہیں، ناسور کا خاتمہ کریں گے،محسن نقوی
لاہور (الفجر آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چودھری شجاعت کے مطالبے پر اسلام آباد میں تعمیر ہونیوالی نئی سڑکوں کے نام شہدا ء سے منسوب کرنے کا اعلان کردیا۔ جاری بیان کے مطابق منگل کو وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گلبرگ میں سربراہ مسلم لیگ (ق)چودھری شجاعت حسین سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی، اس موقع پر صوبائی وزیر شافع حسین بھی موجود تھے۔چودھری شجاعت نے کوئٹہ ریلوے سٹیشن دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے شہداء سے یکجہتی کااظہار کیا۔انہوں نے وفاقی حکومت سے تعمیر ہونیوالی تمام نئی سڑکوں کو شہدا کے نام سے منسوب کرنے کا مطالبہ کیا جس پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں تعمیر ہونے والی نئی سڑکوں کے نام شہدا سے منسوب کرنے کا اعلان کر تے ہوئے کہا کہ دیگر صوبوں کے وزراء اعلی سے اس پر عملدرآمد کیلئے بات کی جائے گی۔چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ یہ کام شہدائے وطن اور خاندانوں کیساتھ حکومت کے اظہار یکجہتی بارے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ہزاروں پاکستانیوں نے جام شہادت نوش کیا، انمٹ و ناقابل فراموش قربانیوں کی نظیر اقوام عالم میں نہیں ملتی۔محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان شہداء کی عظیم قربانیوں کا قرض ادا نہیں کر سکتا، شہدا نے اپنے قیمتی لہو سے امن کی آبیاری کی ہے، شہدا کے خاندانوں کیساتھ ہیں اور ہمیشہ ساتھ کھڑے رہیں گے، دھماکے بہادر پاکستانی قوم کا مقدر نہیں، قوم کی حمایت سے اس ناسور کا خاتمہ کریں گے۔اس موقع پر چودھری شجاعت اور چودھری شافع نے آسٹریلیا کیخلاف 22 برس بعد ون ڈے سیریز جیتنے پر محسن نقوی کو مبارکباد دی۔چودھری شجاعت نے کہا کہ آپ کی محنت اور کھلاڑیوں کی کارکردگی نے جیت میں اہم کردار ادا کیا، کرکٹ ٹیم اور قوم کو ایسی شاندار فتح کا عرصے سے انتظار تھا، امید ہے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ میں بھی پاکستانی ٹیم ایسی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔