
ضلعی انتظامیہ لاروا کنٹرول کرنے کیلئے کام کر رہی،شہری علاقے میں ڈینگی سپرے کروانے کیلئے فیلڈ مانیٹرنگ ٹیموں سے رابطہ کریں،حکام محکمہ صحت کی ہدایت
اسلام آباد (الفجر آن لائن) وفاقی وصوبائی حکومتوں کی کوششوں کے باوجود ڈینگی پر قابو نہ پایا جاسکا، رواں سال 20 ہزار سے زائد افراد ڈینگی کا شکار ہوگئے۔ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق رواں سال یکم جنوری سے 15 نومبر2024ء تک ملک بھر میں ڈینگی کے20ہزار 57 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ 10 افراد مرض کے باعث جاں بحق ہوئے ہیں جن میں 8 کا تعلق پنجاب اور 2کا تعلق خیبرپختونخوا سے ہے۔ رپورٹ کے مطابق بلوچستان 6958 ڈینگی کیسز کیساتھ سرفہرست ہے جبکہ پنجاب میں 5405، خیبرپختونخوا میں 3649، آزاد کشمیر میں 245، فاٹا میں 46 اور اسلام آباد میں ڈینگی کے 3754 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق سندھ اور گلگت بلتستان کی جانب سے اب تک ڈینگی کیسز کے حوالے سے معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔
رپورٹ میں شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہری لمبی بازو پہنیں اور مچھروں کے کاٹنے سے بچنے کیلئے ریپیلنٹ کا استعمال کریں،غروب آفتاب کے بعد باہر جانے سے گریز کیا جائے اور کھڑے پانی، غیر کٹی گھاس اور کوڑے کے ڈھیر والے علاقوں کو صاف رکھا جائے۔ شہریوں کو بخارکی صورت میں خود دوا لینے کی بجائے طبی مشورہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ڈینگی بخار پلیٹ لیٹس کی کمی کا باعث بن سکتا ہے،اگر علاج نہ کیا جائے تو جان لیوا بھی ہو سکتا ہے۔حکام محکمہ صحت کے مطابق ضلعی انتظامیہ مختلف میکانزم کے ذریعے لاروا کو کنٹرول کرنے کیلئے کام کر رہی ہے۔ شہریوں کو اپنے علاقے میں ڈینگی سپرے کروانے کیلئے فیلڈ مانیٹرنگ ٹیموں سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔