
معلوم نہیں خفیہ ہاتھ نے کب پارٹی کو ٹیک اوور کرنا ہے ،اس کے ارادے کچھ اور ،پی ٹی آئی کیساتھ ہاتھ ہوجائے گا، وزیرداخلہ کی میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد (الفجر آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی ساری قیادت خون خرابا نہیں چاہتی، خفیہ ہاتھ سب کنٹرول کررہا،ایجنڈا پاکستان کا ایجنڈا نہیں ،معلوم نہیں خفیہ ہاتھ نے کب پارٹی کو ٹیک اوور کرنا ہے اس کے ارادے کچھ اور ہیں ، پی ٹی آئی کیساتھ ہاتھ ہوجائے گا۔اسلام آباد میں آئی جی ، چیف کمشنر ،ڈپٹی کمشنر و متعلقہ حکام کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پولیس نے بتایا ہے کہ مظاہرین کی طرف سے آنسو گیس کے شیلز آ رہے ہیں، گزشتہ روز4شہادتیں ہوئی ہیں، 2رینجرز اہلکار، 4اسلام آباد پولیس اہلکاروں کی حالت نازک ہے۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز 2اے ایس پی زخمی ہوئے جن میں سے ایک شدید زخمی ہے، یہ ساری صورتحال اس لئے ہے کہ ہم کسی بھی صورت میں جانی نقصان نہیں چاہتے، مگر انہوں نے ہر اس چیز کا فائدہ اٹھایا جہاں وہ فائدہ لے سکتے تھے۔انہوں نے کہا کہ گولی کا جواب گولی سے دینا بہت آسان تھا، آئی جی اسلام آباد کو کہا ہے حالات کو جیسے کنٹرول کرنا ہے کریں، اب یہ ان پر ہے کہ وہ کیسے حالات کنٹرول کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مظاہرین کی اصل تعداد تو نہیں بتا سکتا لیکن ان کے تین چار قافلے آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آنیوالے تمام لوگوں کا تعلق خیبرپختونخوا سے ہے، پنجاب کا ایک بندہ بھی نظر نہیں آئے گا۔ انہوں نے بتایا کہ آنیوالوں میں 2ہزار کے قریب ایسے لوگ ہیں جو تربیت یافتہ ہیں، ہم ان کا بیک گراؤنڈ چیک کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان سب واقعات کے پیچھے ایک خفیہ لیڈر شپ ہے جو سب کنٹرول کررہی ہے، باقی لیڈر شپ اس خفیہ لیڈر شپ کے آگے زیرو ہے، وہ مذاکرات کرتے ہیں، وقت حاصل کرتے ہیں اور آگے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سنگجانی میں جلسے کا فیصلہ بھی ہوگیا تھا۔انہوں نے کہا کہ آنسو گیس کے شیلز کسی کو کیسے مل سکتے ہیں؟ آنسو گیس کا ایک شیل ساڑھے 4ہزار روپے کا آتا ہے، ہزاروں کی تعداد میں چلنے والے آنسو گیس شیل کہاں سے آئے؟ یہ خیبرپختونخوا حکومت نے انہیں فراہم کئے ہیں، اسی طرح اسلحہ استعمال کیا جا رہا ہے جس کی سوشل میڈیا پر ویڈیوز بھی آ چکی ہیں جوانوں پر فائرنگ کی جا رہی ہے، ہم نے انہیں اب بھی کہا کہ آپ کسی بھی طرح اس طرف نہ جائیں جس سے پاکستان کا نقصان ہو ،آپ کو بات چیت کیلئے جو جگہ لینی ہے وہ لے لیں، اپنا پروگرام کرلیں، مگر وہ اس پر تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی پوری لیڈرشپ خون خرابہ نہیں چاہتی، مگر پیچھے بیٹھی خفیہ طاقت سب کچھ کنٹرول کررہی ہے ،اس کا ایجنڈا پاکستان کا ایجنڈا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ ان کے کسی لیڈر کے پاس چلے جائیں، جا کر پوچھیں آپ کا موقف کیا ہے، سب مختلف موقف بتائیں گے جبکہ پیچھے موجود خفیہ ہاتھ کچھ اور بتائے گا، یہ خفیہ ہاتھ پاکستان کو بدنام کرنے کیلئے نکلا تھا،اس کی تاریخیں، اس کا ایجنڈا کچھ اور ہے، اگر اس کا ایجنڈا صرف مطالبات ہوتے تو وہ اس طرح نہ کرتے۔ انہوں نے کہا کہ فساد کی جڑ صرف ایک خفیہ ہاتھ ہے،مجھے نہیں پتا اس نے پارٹی کو کب ٹیک اوور کرنا ہے ،اس کے ارادے کچھ اور ہیں ،پی ٹی آئی کو معلوم نہیں اس کیساتھ ہاتھ ہوجائے گا۔