
مظاہرین کی اموات کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، سیکیورٹی ذرائع، اسپتال سے بیان جاری
اسلام آباد(الفجر آن لائن)سیکیورٹی ذرائع نے اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے دوران مظاہرین کی اموات کی خبروں کو جھوٹا اور من گھڑت قرار دے دیا اور کہا کہ مظاہرین کی اموات کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سوشل میڈیا پرچند لوگوں کی جانب سے جھوٹا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے کہ احتجاج کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کی شیلنگ سے کئی مظاہرین کی اموات ہوئی ہیں۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مظاہرین کی اموات کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، اپنی ناکامیوں اور کوتاہیوں کو چھپانے کے لیے ایک بار پھر من گھڑت اور جھوٹا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع نے واضح کیا کہ رات گئے پولیس اور رینجرز کے آپریشن میں کسی قسم کے آتشی اسلحے کا استعمال نہیں کیا گیا۔ادھر اسلام آباد کے پولی کلینک اسپتال نے بھی سے متعلق خبروں کی تردید کردی ہے۔پولی کلینک ہسپتال نے زخمی اورہلاکتوں کے پروپیگنڈے کوبے بنیاد قرار دیدیا۔ اسپتال کی جانب سے جاری وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر چلنے والی ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں، گولیوں اور
گریینڈ سے ہسپتال میں لائی گئی لاشوں کے حوالے سے سوشل میڈیا کی خبروں کی تردید کرتے ہیں۔بیان میں کہا گیاکہ میڈیا پر گردش کرنے والی اس ہسپتال سے متعلق ایسی غیر مصدقہ خبروں کو جعلی سمجھا جائے۔