
بلوچستان کے سابق صوبائی نگراں مشیروں اور وزراء نے تاحال سرکاری گاڑیاں واپس نہیں کی 38 گاڑیاں 9 ماہ سے سابق نگراں کابینہ کے ارکان چلا رہے ہیں۔
بلوچستان (الفجر آن لائن) کے محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کی 38گاڑیاں سابق نگران وزرا اور مشیروں جب کہ 5 گاڑیاں بااثر افراد کے پاس ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔صوبائی حکومت کئی ماہ گزرنے کے باوجود یہ گاڑیاں واپس نہیں لے سکی,موصول ہونے والی دستاویزات کے مطابق محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کے پاس مجموی طور پر 527 گاڑیاں ہیں، ان گاڑیوں میں سے 502 فعال اور 25 غیر فعال ہیں۔
دستاویزات کے مطابق 38گاڑیاں پچھلے 9 ماہ سے سابق نگران وزرا اور مشیروں کے قبضے میں ہیں جب کہ5 گاڑیاں بااثر افراد کے پاس ہیں جو واپس نہ ہوسکیں۔دستاویزات کے مطابق 44گاڑیاں وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ اور 47گاڑیاں بلوچستان ہاؤسز اسلام آباد اور کراچی کے زیر استعمال ہیں جبکہ محکمے کی 166گاڑیاں دیگر محکموں 44کمشنروں اور ڈپٹی کمشنروں کے پاس ہیں۔دستاویزات کے مطابق محکمے کی 250گاڑیوں پر سالانہ 18کروڑ روپے کا فیول اور مرمت پر سالانہ 7کروڑ روپے کے ا خراجات آتے ہیں۔