
نہیں معلوم کیا چیز کسی کو بلی کھانے کیلئے آمادہ کر سکتی ہے،عدالت نے خاتون کو کمیونٹی کیلئے خطرہ قرار دے دیا
واشنگٹن (الفجر آن لائن) امریکہ میں بلی مار کر کھانے پر لڑکی کو ایک سال قید کی سز ا سنا دی گئی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست اوہائیو میں 27سالہ خاتون ایلکسز فیرل نے اگست میں اپنے گھر کے باہر ایک بلی کو مار نے کے بعد کھا لیا تھا جس پر اسے پولیس نے گرفتار کرلیا تھا۔میڈیا کی رپورٹس کے مطابق خاتون کو سزا سنانے والے جج نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے اس قوم کو شرمندہ کیا، سب سے بڑھ کر خود کو شرمندہ کیا۔
جج نے خاتون کو کمیونٹی کیلئے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ میرے لئے ناگوار ہے، کوئی بھی جانور کے ساتھ ایسا کر سکتا ہے، مجھے نہیں معلوم کہ کیا چیز کسی کو بلی کھانے کیلئے آمادہ کر سکتی ہے۔عدالت میں پراسیکیوٹر چیلسی سمال نے بلی کھانے کے واقعے کو پریشان کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سب سے زیادہ پریشان کن مقدمات میں سے ایک ہے جسے میں نے بطور پراسیکیوٹر دیکھا ہے۔