
برطانیہ میں منعقدہ مشق میں پاک فوج کے دستے کاغیر معمولی مہارت کا مظاہرہ،چھٹی بار اعزاز اپنے نام کیا، ا ئی ایس پی آر
راولپنڈی(الفجر آن لائن)چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے برطانیہ میں منعقدہ کیمبرین پیٹرول مشق میں گولڈ میڈل حاصل کرنیوالی پاک فوج کی ٹیم کو مبارکباد دی ہے ۔آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق کیمبرین پیٹرول مشق برطانیہ میں 4سے 13 اکتوبر 2024تک منعقد ہوئی جو دنیا کی مشکل ترین فوجی مشقوں میں شمار کی جاتی ہے، پاک فوج کی ٹیم سمیت رواںسال 143ٹیموں نے اس میں حصہ لیا۔ترجمان کے مطابق پاک فوج کے دستے نے غیر معمولی مہارت اور عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھٹی بار یہ اعزاز اپنے نام کیا۔ آرمی چیف نے ٹیم کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کرنے پر انہیں مبارکباد دی۔آئی ایس پی آر کے مطابق یہ مشق مڈ ویلز، برطانیہ کے سخت اور دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں منعقد کی جاتی ہے جس میں جسمانی قوت برداشت، حکمت عملی اور ذہنی پختگی کو پرکھا جاتا ہے۔ترجمان کے مطابق کیمرین پیٹرول مشق ٹیم ورک، قیادت، خود نظم و ضبط، جرات اور سخت ترین آپریشنل حالات میں عزم کا عملی مظاہرہ کرنے کا ایک معیار سمجھی جاتی ہے۔