
کوئٹہ (الفجر آن لائن)گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ہم ایک ایسے عادلانہ اور مساویانہ معاشرہ کو تشکیل دینے کیلئے کوشاں ہیں جہاں ہر عورت عزت، وقار اور آزادی کے ساتھ رہ سکے. اس مقصد کے حصول کیلئے ہمیں تمام خواتین بالخصوص دیہاتی علاقوں میں رہنے والی خواتین کے حقوق اور تحفظ کیلئے مشترکہ جدوجہد کرنے ہوگی. یہ بات ہم سب کیلئے قابل فخر ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے سینیٹ آف پاکستان، قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں سینکڑوں خواتین کو پہچانے کا اعزاز حاصل ہے. ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستان مسلم لیگ ن کی خواتین ونگ پاکستان کی صدر اور رکن قومی اسمبلی بیگم نزہت فاضل کی قیادت میں وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ، سابق سینیٹر سعید الحسن مندوخیل اور رکن صوبائی اسمبلی زرک خان مندوخیل بھی موجود تھے.
گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ہماری حکومت نے کئی قوانین اور اقدامات متعارف کرائے ہیں جن کا مقصد خواتین کے حقوق کا تحفظ اور صنفی مساوات کو فروغ دینا ہے۔ یہ خواتین کو بااختیار بنانے اور صنفی مساوات کو فروغ دینے کیلئے ہماری سیاست کے عزم کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ترقی و پیشرفت کو یقینی بنانے کیلئے مرد اور خواتین کو شانہ بشانہ کھڑا ہونا ہوگا۔ یہ حقیقت ہے کہ ترقی کی منازل ہم اکیلے طے نہیں کر سکتے۔ اس ضمن میں ہمیں آپ میں سے ہر ایک کی حمایت اور شرکت کی ضرورت ہے۔