
اسلام آباد(الفجرآن لائن)حکومت اوراپوزیشن کے درمیان مذاکرات کیلئے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے اپنی خدمات پیش کردیں۔اسپیکر ایاز صادق کا کہنا ہے کہ حکومت اپوزیشن مذاکرات کے لیے میرا آفس اور گھر ہر وقت حاضر ہے، حکومت اپوزیشن میں تلخیاں ختم کرنے کیلئے مذاکرات ضروری ہیں۔سیاسی ایشوز سمیت کسی بھی معاملے پر مذاکرات میں کردار ادا کرنے کو تیار ہوں، کل ایوان میں ہونے والی بحث خوش آئند تھی۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ میرا دفتر، گھر 24 گھنٹے کھلا ہے،حکومت اور اپوزیشن تلخی ختم کرنے، ملکی مفاد پر بات کرنا چاہیں تو آ جائیں، موسمیاتی تبدیلی، صوبوں کی خودمختاری سمیت کئی دیگر ایشوز ہیں، جن پر بات کرنی چاہئے، جب تک میں اسپیکر ہوں، کوئی کمی نہیں آنے دوں گا، میرے لئے حکومت اور اپوزیشن کے ارکان قابل احترام ہیں، میں مصروفیت کی وجہ سے گزشتہ روز ایوان میں نہیں جا سکا،کل شیر افضل مروت، خواجہ آصف اور رانا ثنااللہ کی باتیں سنیں، سپیکر کا دفتر اور گھر حکومت اور اپوزیشن کا ہے، سپیکر کے دروازے ہر وقت اپنے ممبران کیلئے کھلے رہتے ہیں