
اسلام آباد وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی پابندیوں کو بلاجواز قرار دیتے ہوے کہا ہے کہ پاکستان کا جوہری پروگرام جارحیت کے لئے نہیں بلکہ دفاع کے لئے ہے۔ قوم کو یہ پروگرام بہت عزیز ہے اس پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔ ملک سے دہشتگردی کا سر کچلنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کے ملکی مفاد میں نتائج کی امید ہے، بنگلہ دیش کے ساتھ تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے۔ کابینہ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوے انہوں نے کہا بد قسمتی سے ملک میں حالیہ دنوں میں دہشتگردانہ حملوں میں اضافہ ہو ا ہے۔ حالیہ دہشتگردانہ حملوں میں سترہ اہلکار شہید ہوے۔ اجلاس میں شہدا کے ایصال ثواب کے لئے دعا بھی کی گئی۔ سیکیورٹی فورسز نے آٹھ کو خوارج کو جہنم رسید کیا۔ سپہ سالار خود گئے اور شہدا کے خاندانوں کا حوصلہ بڑھایا۔ انہوں نے کہا دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک ملکی ترقی کے لئے کاوشوں کے ثمرات سے عوام مستفید نہیں ہو سکیں گے۔ اس ناسور کے خاتمے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا نا ہوں گے۔ جب تک دہشتگردی کا سر نہیں کچلا چین سے بیٹھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کے پی اور بلو چستان میں دہشتگردی کے مختلف عوامل ہیں۔ صوبائی حکومت اسلام آباد پر چڑھائی کے بجائے پارہ چنار پر ہونے والی دہشتگردی پر اپنی توانائی صرف کرتی تو اتنا جانی نقصان نہ ہوتا۔ یہ وہ چیلنجز ہیں جن کا ہمیں مقابلہ کرنا ہے۔ انشاللہ ملکر اس ناسور کا خاتمہ کریں گے۔ اور پاکستان سرخرو ہو گا۔ شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔