کامیاب انتظامات میں سرکاری و نجی شعبے نے مثالی کردار ادا کیا،4عالمی ایوارڈ ملے،میڈیا سے بات چیت
مدینہ منورہ(الفجرآن لائن)وفاقی وزیر مذہبی امور سردارمحمد یوسف نےکہا کہ پاکستان نے حج 2026 میں ایک لاکھ 80 ہزار کا حج کوٹہ 100فیصد استعمال کر لیا،وزارت مذہبی امور کی بہترین کارکردگی پر پاکستان کو ”لبیتم” سمیت 4 عالمی ایوارڈز ملے، حج 2026 کے کامیاب انتظامات میں سرکاری و نجی شعبے نے مثالی کردار ادا کیا، پاکستانی حجاج کو بہترین سہولیات فراہم کرنے پر سعودی حکومت نے پاکستان کی کارکردگی کو سراہا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر سردار یوسف نے کہا کہ پری حج آپریشن کے دوران 46 ہزار 945 حجاج مدینہ منورہ پہنچے، ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے ذریعے 100 فیصد پاکستانی حجاج کو ریاض الجنہ کی زیارت کرائی گئی۔تمام پاکستانی حجاج کو مسجد نبویؐ کے قریب مرکزیہ کے ہوٹلوں میں رہائش دی گئی۔سردار یوسف نے کہا کہ مدینہ منورہ میں انتظامات پر حجاج کرام کا ردعمل انتہائی مثبت رہا، مدینہ مشن کی بہترین کارکردگی پر افسران و اہلکاروں کو تعریفی اسناد دی جائیں گی۔پاکستان میں دی گئی حج تربیت نے سعودی عرب میں نظم و ضبط برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔
مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ آنے والے 72 ہزار 271 حجاج کے دوسرے مرحلے کا آغازہوگیا ہے۔اب تک 5 ہزار سے زائد پاکستانی حجاج مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں۔مدینہ پہنچنے والے حجاج کے لیے روضہ رسولؐ پر حاضری اور ریاض الجنہ کے انتظامات مکمل ہیں۔حجاج کرام کی پاکستان واپسی کا شیڈول فائنل، تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے۔حجاج کی آرام دہ اور بروقت وطن واپسی یقینی بنانے کے لیے ٹیمیں فیلڈ میں موجود ہیں۔
