جیکب آباد (الفجرآن لائن) حق مہر کے تنازع پر نوجوان قتل، سسر اور سالے سمیت دیگر افراد پرقتل کا الزام۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے ایئرپورٹ تھانے کی حدود حق باہو محلہ میں دکان پر بیٹھے 30 سالہ نوجوان صدام سولنگی کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا
واقعے کے بعد ملزمان فرار ہوگئے جبکہ زخمی نوجوان کو فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا، پولیس اور ورثا کے مطابق مقتول صدام سولنگی کی دو ماہ قبل شادی ہوئی تھی اور نکاح کے وقت دو تولہ سونا حق مہر میں دینے کا معاہدہ طے پایا تھا
ایک تولہ سونا دیا جاچکا تھا جبکہ باقی ایک تولہ سونا دینے کے معاملے پر میاں بیوی کے درمیان گزشتہ ایک ماہ سے تنازع چل رہا تھا، مقتول کے بھائی سرفراز سولنگی نے الزام عائد کیا ہے کہ سونے کے زیورات کے معاملے پر جھگڑا جاری تھا اور ایک روز قبل ان کے بھائی کو دھمکیاں بھی دی گئی تھیں جس کی این سی بھی درج کرائی گئی تھی انہوں نے دعویٰ کیا کہ مقتول کے سالے، سسر اور دیگر افراد نے مل کر ان کے بھائی کو قتل کرایا،
پولیس کے مطابق مقتول کی اہلیہ دو روز قبل ناراض ہو کر اپنے والد کے گھر چلی گئی تھی، جس کے بعد مقتول کو مسلسل دھمکیاں مل رہی تھیں ابتدائی تحقیقات کے مطابق سسر، سالے اور دو نامعلوم افراد کے خلاف قتل کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے ،
پولیس نے بتایا کہ مرکزی ملزم نعیم جکھرانی کی گرفتاری کے لیے اس کے گھر پر چھاپہ مارا گیا تاہم گھر بند ملا، واقعے کا مقدمہ درج کرنے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے
