لاہور(الفجرآن لائن) پاکستان ریلوے نے عید سیزن کے دوران بغیر ٹکٹ سفر کرنے والے مسافروں کے خلاف خصوصی مہم کے دوران 26 ہزار 580 مسافروں کو پکڑ لیا ہے۔ریلوے ہیڈکوارٹر کی جانب سے اس حوالے سے ایک رپورٹ مرتب کر کے سی ای او ریلوے کو ارسال کر دی گئی ہے۔ رپورٹ میں 16 مئی سے 31 مئی کے دوران کی گئی کارروائیوں کا ڈیٹا شامل ہے۔رپورٹ کے مطابق ڈپٹی چیف کمرشل منیجر کی سربراہی میں ٹیموں نے دو ہفتوں کے دوران بغیر ٹکٹ سفر کرنے والے 26 ہزار 580 مسافروں کو گرفتار کیا۔کارروائیوں کے دوران مسافروں سے کرایہ اور جرمانے کی مد میں مجموعی طور پر 3 کروڑ 72 لاکھ 11 ہزار 919 روپے وصول کیے گئے۔ اس میں کرایہ کی مد میں 3 کروڑ 21 لاکھ 63 ہزار 135 روپے جبکہ جرمانے کی مد میں 50 لاکھ 48 ہزار 784 روپے شامل ہیں۔کامیاب کارروائیوں پر سی ای او ریلوے نے شعبہ کمرشل کے افسران اور عملے کو شاباش دی ہے
