راولپنڈی(الفجرآن لائن)بلوچستان کے ضلع باسیما کے علاقے ‘نال’ میں سیکیورٹی فورسز نے ایک بڑی انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے بھارتی پراکسی تنظیم”فتنہ ہندوستان“ کے 14 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے، جبکہ فائرنگ کے شدید تبادلے میں پاک فوج کا ایک جوان بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہو گیا۔پ
اک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق خفیہ اداروں کی جانب سے اطلاع موصول ہوئی تھی کہ ضلع باسیما کے علاقے نال میں بھارتی سرپرستی میں چلنے والی دہشت گرد تنظیم ”فتنہ ہندوستان“ کے کارندے موجود ہیں، جو مقامی پولیس اسٹیشن اور بینکوں پر حملے کی بڑی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے انتہائی تیز رفتاری سے ایک انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن شروع کیا۔ آپریشن کے دوران فورسز نے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کو مو¿ثر طریقے سے روکا اور انہیں گھیرے میں لے کر کارروائی کا آغاز کیا۔سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان ہونے والے شدید ترین فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں 14 بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے زیر استعمال 4 گاڑیاں اور بھاری مقدار میں دیسی ساختہ بم کو بھی موقع پر ہی تباہ کر دیا گیا۔
تاہم اس شدید لڑائی کے دوران وطن عزیز کے ایک بہادر سپوت لانس حوالدار محمد عباس نے جوانمردی سے دشمن کا مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود کسی بھی دوسرے ممکنہ دہشت گرد کے خاتمے کے لیے سرچ اور سینیٹائزیشن آپریشن اب بھی جاری ہے۔ نیشنل
ایکشن پلان کی وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظوری کے بعد، ”عزمِ استحکام“ کے وژن کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف یہ بے لچک مہم پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی تاکہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں چلنے والی دہشت گردی کی لعنت کا جڑ سے خاتمہ کیا جا سکے
