اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ملاقات، قومی و صوبائی امور، باہمی دلچسپی کے معاملات اور ملک کی مجموعی سیاسی و پارلیمانی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال
اسلام آباد (الفجرآن لائن) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے منگل کو یہاں پارلیمنٹ ہاؤس میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی اہم ملاقات ہوئی۔ جس میں قومی و صوبائی امور، باہمی دلچسپی کے معاملات اور ملک کی مجموعی سیاسی و پارلیمانی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل اور بلوچستان اسمبلی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر میر سلیم خان کھوسہ بھی شریک تھے اس موقع پر وفاق اور بلوچستان کے درمیان روابط کو مزید مؤثر اور مربوط بنانے، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات میں ہم آہنگی بڑھانے سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ملاقات کے دوران جمہوری اداروں کے استحکام، پارلیمانی تعاون کے فروغ اور قومی یکجہتی کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا اس کے ساتھ ساتھ بلوچستان کو درپیش ترقیاتی و انتظامی چیلنجز، عوامی مسائل کے پائیدار حل اور ترقیاتی ترجیحات کی مؤثر تکمیل کے لیے مشترکہ اور مربوط حکمتِ عملی اپنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بلوچستان کی ترقی، امن و استحکام اور عوامی فلاح کے لیے صوبائی حکومت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
