کولپور( الفجرآن لائن) بلوچستان میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایک بڑی اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے منشیات اسمگلنگ کی سنگین کوشش کو ناکام بنا دیا ہے۔ کسٹمز انفورسمنٹ یونٹ نے ضلع کچھی کے علاقے کولپور میں ناکہ بندی کے دوران ایک مشکوک ٹرک سے بھاری مقدار میں اعلیٰ معیار کی کرسٹل آئس برآمد کر لی ہے، جس کی مالیت کروڑوں روپے بتائی جاتی ہے۔
کسٹم حکام کے مطابق یہ کارروائی ایک خفیہ اطلاع پر کی گئی۔ اسمگلروں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چکمہ دینے کے لیے ٹماٹروں سے لدے مزدا ٹرک کا استعمال کیا۔ تاہم، جب کسٹمز کی ٹیم نے ٹرک کی باریک بینی سے تلاشی لی تو فیول ٹینک کے ساتھ خاص طور پر تیار کردہ سلنڈر نما خفیہ خانے کا انکشاف ہوا۔ اس خفیہ خانے سے کرسٹل آئس کے 10 پیکٹ برآمد ہوئے، جن کا کل وزن 10 کلوگرام ہے۔ عالمی مارکیٹ میں اس منشیات کی مالیت تقریباً 11 کروڑ 12 لاکھ روپے ہے۔
منشیات کی برآمدگی کے بعد کسٹمز حکام نے ٹرک کو قبضے میں لے کر ملوث ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے اور مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ کسٹمز حکام کا کہنا ہے کہ دشمن عناصر کو ملکی معیشت، نوجوان نسل کے مستقبل اور قومی سلامتی سے کھیلنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ بلوچستان سے منشیات کے مکمل خاتمے تک انسدادِ اسمگلنگ کی یہ سخت کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی

