اسلام آباد( الفجرآن ) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے عالمی یومِ مہارتِ نوجوانان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ موجودہ دور میں ڈیجیٹل جدت، مصنوعی ذہانت (AI) اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز عالمی مارکیٹ کو تیزی سے بدل رہی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس بدلتے ہوئے منظر نامے میں بین الاقوامی معیار کی مہارتیں ہی پائیدار ترقی کی اصل بنیاد ہیں اور حکومت پاکستان کے نوجوانوں کو ان جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
وزیرِ اعظم نے نوجوانوں کو ملک کا سب سے قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (NAVTTC) کو ایک جدید، متحرک اور مستقبل کی ضروریات کو پورا کرنے والے قومی ادارے میں تبدیل کر دیا ہے۔ اس سال نیوٹیک کے لیے خطیر بجٹ مختص کیا گیا ہے تاکہ نوجوانوں کو عالمی سطح پر تسلیم شدہ اسناد اور انڈسٹری کی ضرورت کے مطابق تربیت فراہم کی جا سکے، جس سے وہ ملک اور بیرونِ ملک یکساں طور پر مقابلہ کر سکیں۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ حکومت کی حکمتِ عملی کا مقصد صرف روزگار کے مواقع پیدا کرنا نہیں، بلکہ ایسے ہنرمند پیشہ ور اور کاروباری افراد (Entrepreneurs) تیار کرنا ہے جو برآمدات میں اضافہ اور قومی پیداواری صلاحیت کو بہتر بنا سکیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تمام مردوں اور خواتین کو بنا کسی تفریق کے یکساں مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے تاکہ پاکستانی افرادی قوت دنیا بھر میں قابلیت اور جدت کی علامت بن کر ابھرے

