موسمیاتی تبدیلیوں اور غزہ کی صورتحال پر گفتگو
اسلام آباد وزیراعظم محمد شہباز شریف سے اقوامِ متحدہ کے انڈر سیکرٹری جنرل برائے انسانی امور اور ہنگامی امداد کے کوآرڈینیٹر مسٹر ٹام فلیچر نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔
اس اہم بیٹھک میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر سید توقیر شاہ، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
وزیراعظم نے دنیا بھر میں ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے یو این او سی ایچ اے کی خدمات کو سراہا اور کے تباہ کن سیلاب کے دوران پاکستان کی مدد کرنے پر تنظیم کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے قومی اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے اداروں نے موسمیاتی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔
تاہم، موسمیاتی تبدیلیوں کی بڑھتی ہوئی شدت کے باعث قومی، علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر مضبوط روابط اور پیشگی تیاریوں کی اشد ضرورت ہے۔
مسٹر ٹام فلیچر نے پاکستان اور اوچا کے درمیان دیرینہ شراکت داری کی تعریف کی اور خطے میں امن و استحکام کے لیے وزیراعظم کی کوششوں کو سراہا۔
یو این انڈر سیکرٹری جنرل نے وزیراعظم کو غزہ کی موجودہ انسانی
صورتحال اور وہاں امداد کی ترسیل میں درپیش چیلنجز پر بریفنگ دی انہوں نے افغانستان میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر جاری امدادی کوششوں میں پاکستان کے مسلسل تعاون کا اعتراف کیا اور شکریہ ادا کیا۔ a
وزیراعظم شہباز شریف نے عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان عالمی سطح پر انسانی تعاون کو مضبوط بنانے، آفات سے نمٹنے کی تیاریوں کو بہتر بنانے اور متاثرہ کمیونٹیز کی امداد کے لیے اقوامِ متحدہ کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔

