وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد نوٹیفکیشن جاری، عمرہ پالیسی کمیٹی قائم، زائرین کو صرف رجسٹرڈ آپریٹرز سے بکنگ کی ہدایت
اسلام آباد(الفجر آن لائن) وفاقی حکومت نے حج و عمرہ ایکٹ 2024 کے تحت عمرہ انتظامات کو مزید شفاف، منظم اور مؤثر بنانے کے لیے نئے عمرہ رولز کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد نافذ کیے گئے ان قواعد کے تحت عمرہ سے متعلق تمام انتظامی، ریگولیٹری اور نگرانی کے امور وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے دائرہ اختیار میں ہوں گے۔
وزارتِ مذہبی امور کے مطابق نئے نظام کے تحت جامع عمرہ پالیسی کی تیاری کے لیے عمرہ پالیسی کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔
ایڈیشنل سیکرٹری مذہبی امور کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے، جبکہ وزارت داخلہ، وزارت خارجہ، وزارت قانون و انصاف اور کابینہ ڈویڑن کے اعلیٰ افسران کمیٹی کے ارکان ہوں گے۔
کمیٹی تمام متعلقہ فریقین سے مشاورت کے بعد نئی عمرہ پالیسی مرتب کرے گی، جسے وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد نافذ کیا جائے گا۔
وزارت نے تمام عمرہ کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ وزارت کی ویب سائٹ پر جاری کردہ طریقہ کار کے مطابق اپنے نسک معاہدوں کی فوری تصدیق کروائیں تاکہ انہیں مستند عمرہ آپریٹرز کی فہرست میں شامل کیا جا سکے۔
تصدیق شدہ کمپنیوں کی فہرست وزارت کی سرکاری ویب سائٹ پر جاری کی جائے گی تاکہ عوام آسانی سے مستند آپریٹرز کی شناخت کر سکیں۔
وزارتِ مذہبی امور نے عمرہ زائرین کو بھی خبردار کیا ہے کہ وہ صرف وزارت سے تصدیق شدہ عمرہ آپریٹرز کے ذریعے ہی بکنگ کروائیں۔
غیر رجسٹرڈ یا غیر مصدقہ کمپنیوں کے ذریعے بکنگ کی صورت میں پیدا ہونے والے مسائل کی ذمہ داری متعلقہ افراد پر ہوگی۔
جبکہ وزارت صرف انہی کمپنیوں کے خلاف شکایات کا ازالہ کرے گی جو باقاعدہ رجسٹرڈ اور تصدیق شدہ ہوں گی۔

