جاں بحق افراد میں اے ایس ایف انسپکٹر، سابق سی ٹی ڈی اہلکار، ریٹائرڈ حوالدار اور پولیس کانسٹیبل شامل ہونے کا دعوی
کوئٹہ(نیوز ایجنسیاں)کوئٹہ کے علاقے شعبان میں آپریشن کے دوران برآمد ہونے والی چار افراد کی لاشیں کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) منتقل کر دی گئی ہیں، جہاں ابتدائی معلومات کی بنیاد پر ان کی شناخت کر لی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد میں ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس(اے ایس ایف)کے انسپکٹر زبیر احمد شاہوانی، سابق سی ٹی ڈی کارپورل سید خلیل الرحمن، پاک فوج کے ریٹائرڈ حوالدار صادق اور مانگی ڈیم واقعے کے دوران مبینہ طور پر اغوا ہونے والے پولیس کانسٹیبل فرید شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اے ایس ایف انسپکٹر زبیر احمد شاہوانی 21 جون کو اپنے دوست سابق سی ٹی ڈی کارپورل سید خلیل الرحمن کے ہمراہ جناح ٹان کے علاقے کلی برات میں واقع اپنے گھر سے نکلے تھے، جس کے بعد دونوں لاپتہ ہو گئے تھے۔ذرائع نے بتایا کہ لاشوں کی شناخت ابتدائی معلومات کی بنیاد پر کی گئی ہے، جبکہ حتمی شناخت اور دیگر قانونی و طبی کارروائی متعلقہ حکام کی جانب سے مکمل کیے جانے کے بعد باضابطہ طور پر جاری کی جائے گی۔ واقعے سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔

