اے ڈی بی مالیاتی مشیر کے طور پر خدمات فراہم کرے گا، شفاف اور عالمی معیار کے نجکاری عمل کے ذریعے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کا عزم
اسلام آباد (الفجر آن لائن) نجکاری کمیشن اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ کے لیے مالیاتی مشاورتی خدمات کے معاہدے پر دستخط کر دیے گئے۔
معاہدے کے تحت ایشیائی ترقیاتی بینک اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ کے عمل میں مالیاتی مشیر کے طور پر خدمات انجام دے گا۔
معاہدے پر اے ڈی بی پاکستان ریزیڈنٹ مشن کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فین اور نجکاری کمیشن کے ڈائریکٹر جنرل شاہد دایو نے اپنے اپنے اداروں کی جانب سے دستخط کیے۔دستخطی تقریب میں وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری اور چیئرمین نجکاری کمیشن محمد علی نے شرکت کی، جبکہ سیکرٹری نجکاری کمیشن، سیکرٹری نجکاری ڈویڑن اور اے ڈی بی پاکستان ریزیڈنٹ مشن کے ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر بھی موجود تھے۔
اعلامیے کے مطابق معاہدے کے تحت ایشیائی ترقیاتی بینک لین دین سے متعلق جامع مشاورتی خدمات فراہم کرے گا، جن میں تکنیکی، مالی، قانونی، ماحولیاتی اور تجارتی امور پر مہارت اور رہنمائی شامل ہوگی۔
حکام کا کہنا ہے کہ اے ڈی بی کی معاونت سے نجکاری کا عمل شفاف، مسابقتی اور بین الاقوامی مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق انجام دیا جائے گا۔
جس سے عالمی شہرت یافتہ ایئرپورٹ آپریٹرز اور سرمایہ کاروں کو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ میں سرمایہ کاری کی جانب راغب کرنے میں مدد ملے گی۔
حکومت پاکستان نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ نجی شعبے کے اشتراک سے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی کارکردگی، انتظامی استعداد اور مسافروں کو فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔

