100 نئی گاڑیاں فراہم کرنے کا فیصلہ کیپٹل پٹرولز یونٹ میں 100 اہلکار تعینات، مختلف پولیس ونگز سے تبادلے مکمل ۔
اے ایس آئی انیلہ وارث چائنیز فوکل پرسن مقرر
اسلام آباد(الفجرآن لائن) وفاقی دارالحکومت میں ڈالفن فورس کا نام تبدیل کرکے کیپٹل پٹرولز یونٹ رکھ دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نئے یونٹ کو مزید مؤثر اور جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے 100 نئی گاڑیاں بھی فراہم کی جائیں گی۔
تاکہ شہر میں گشت، فوری رسپانس اور سیکیورٹی انتظامات کو بہتر بنایا جا سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کیپٹل پٹرولز یونٹ کے قیام کے ساتھ ہی 100 اہلکاروں کے تبادلے بھی کر دیے گئے ہیں۔
نئے یونٹ میں سب انسپکٹرز (ایس آئی)، اسسٹنٹ سب انسپکٹرز (اے ایس آئی) اور ہیڈ کانسٹیبلز کو شامل کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اہلکاروں کو اسلام آباد پولیس کے مختلف تھانوں، سیکیورٹی ڈویڑن، انویسٹی گیشن ڈویڑن، ٹریفک پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) سے تبادلہ کرکے کیپٹل پٹرولز یونٹ میں تعینات کیا گیا ہے۔
تاکہ مختلف شعبوں کا تجربہ رکھنے والے افسران اور اہلکار یونٹ کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنا سکیں۔
ذرائع نے بتایا کہ اے ایس آئی انیلہ وارث کو نئے یونٹ میں چائنیز فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے۔
جہاں وہ اسلام آباد میں مقیم چینی شہریوں اور چینی منصوبوں سے متعلق سیکیورٹی امور میں رابطہ کاری کی ذمہ داریاں انجام دیں گی۔
ذرائع کے مطابق کیپٹل پٹرولز یونٹ کے قیام کا مقصد وفاقی دارالحکومت میں پٹرولنگ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا، جرائم کی روک تھام، فوری پولیس رسپانس کو بہتر بنانا اور شہریوں کے تحفظ کو مزید مؤثر بنانا ہے

