سیکیورٹی ذرائع 5 جولائی سے اب تک 129 خارجی دہشتگرد ہلاک ہوچکے
دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رکھنے کا عزم
اسلام آباد (الفجر آن لائن) پاک فوج، فرنٹیئر کور (ایف سی) بلوچستان اور پولیس کی جانب سے بلوچستان میں مشترکہ آپریشن شعبان کامیابی سے جاری ہے۔
جس کے دوران سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائیوں میں مزید تین دہشتگرد ہلاک ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق حالیہ کارروائیوں میں سیکیورٹی فورسز نے دشوار گزار علاقوں میں موجود خارجی دہشتگردوں کی کمین گاہوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔
جس کے نتیجے میں دہشتگردوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ تازہ کارروائی میں مزید تین دہشتگرد ہلاک ہونے کے بعد آپریشن شعبان کے دوران مارے جانے والے دہشتگردوں کی مجموعی تعداد 91 ہو گئی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 5 جولائی سے جاری آپریشن شعبان اور دیگر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز (IBOs) کے دوران اب تک مجموعی طور پر 129 خارجی دہشتگرد ہلاک کیے جا چکے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع نے واضح کیا کہ بلوچستان میں امن و امان کی بحالی اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن شعبان بلا تعطل جاری رہے گا اور آخری دہشتگرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

