اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران ‘فتنہ الخوارج’ کے 24 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر پاک فوج اور سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
رہنماؤں نے سیکیورٹی اداروں کی اس بڑی کامیابی کو دہشت گردی کے خلاف جاری قومی مہم میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارتوں اور جراءت کو سراہتے ہوئے کہا کہ بھارتی سرپرستی اور پراکسی کے تحت سرگرم فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانا قابلِ ستائش ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ فورسز کی یہ بروقت کارروائی ان کے غیر متزلزل عزم کا مظہر ہے اور یہ کامیابی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء ہمارا فخر ہیں اور پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔
دوسری جانب سینیٹر شیری رحمان نے اپنے بیان میں کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے فرنٹ لائن پر لڑنے والے ہمارے بہادر جوان پوری قوم کا مان ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (ISPR) کے مطابق بنوں اور اس کے گردونواح میں کی گئی ان کارروائیوں کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 24 شرپسند مارے گئے، جبکہ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی دھرتی پر کسی بھی مسلح گروہ کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دہشت گردی کے اس ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے پوری قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور آپریشن ‘عزمِ استحکام’ کے تحت یہ کارروائیاں ملک میں پائیدار امن کے قیام تک بلا تعطل جاری رہیں گی۔

