کوئٹہ( الفجرآن لائن) حکومت بلوچستان نے زیارت میں دہشت گردوں کے خلاف فرض کی ادائیگی کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے پولیس کے بہادر جوانوں کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے کوئٹہ کے تاریخی کوئلہ پھاٹک چوک کا نام تبدیل کرکے "شہداءِ زیارت چوک” رکھنے کا فیصلہ کیا ہے معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے بتایا ہے کہ اس حوالے سے میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے اور یہ فیصلہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا انہوں نے کہا کہ شہداء نے بلوچستان میں امن، ہم آہنگی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ان کی قربانیاں قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں اور انہیں ہمیشہ عزت و احترام کے ساتھ یاد رکھا جائے گا شاہد رند نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں حکومت شہداء کی قربانیوں کو محض الفاظ تک محدود رکھنے کے بجائے انہیں قومی تاریخ کا مستقل حصہ بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ عوامی مقامات کو شہداء کے نام سے منسوب کرنا نئی نسل کو ان عظیم قربانیوں سے روشناس کرانے اور وطن کے محافظوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کی ایک اہم روایت ہے انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان شہداء اور ان کے اہل خانہ کی عزت، تکریم اور فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی اور ان کی بے مثال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔


