وکیل کی جانب سے 3 ہفتوں کی مہلت دینے کی درخواست مسترد،این سی آئی اے آج دوبارہ طلب کر لیا
اسلام آباد(الفجرآن لائن) بانی پی ٹی آئی کی بہن نورین نیازی قومی سلامتی کے ادارے این سی آئی اے کی جانب سے جاری نوٹس پر پیش نہ ہوئیں جبکہ ان کے وکیل فیصل ملک ایڈوکیٹ نے وضاحت پیش کر تے ہوئے بتایا کہ نورین نیازی ادارے سے مکمل تعاون کریں گی اور ابتدائی جواب بھی جمع کرا دیا گیا ہے۔این سی آئی نے آج منگل کودوبادہ طلب کرلیاہے اور وکیل کی جانب سے 3 ہفتوں کی مہلت دینے کی درخواست مستردکردی۔
این سی آئی اے کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل ملک ایڈوکیٹ نے کہا کہ نورین نیازی نے صبح رابطہ کر کے بتایا کہ انہیں این سی آئی اے کی جانب سے نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ نوٹس میں ایڈریس غلط تھا اور نورین نیازی کو نوٹس کا علم سوشل میڈیا سے ہوا۔انہوں نے کہا کہ نورین نیازی نے ابتدائی بیان جمع کرا دیا ہے جو کہ مکمل نہیں ہے۔ وکیل نے مطالبہ کیا کہ اگر کوئی شکایت ہے تو اس کی کاپی فراہم کی جائے اور بتایا جائے کہ یہ نوٹس کس قانون کی شق کے تحت جاری کیا گیا ہے۔فیصل ملک نے کہا کہ این سی آئی اے نے نورین نیازی کو کل پیش ہونے کا کہا تھا جس پر ہم نے چار ہفتوں کی مہلت مانگی ہے۔ نورین نیازی کی ہدایات پر ہی ادارے سے مہلت مانگی گئی ہے۔ نورین نیازی اس وقت باہر ہیں اور بیٹا اور بھائی جیل میں ہونے کی وجہ سے ان کا فوری پیش ہونا مشکل ہے۔وکیل نے کہا کہ نورین نیازی کا حق ہے کہ ان کے ساتھ قانون کے مطابق سلوک کیا جائے۔ نورین نیازی نے کہا ہے کہ وہ تمام اداروں کا احترام کرتی ہیں اور وہ محب وطن پاکستانی ہیں۔ ان کے بھائی نے ساری زندگی ملک کا نام روشن کرنے کی کوشش کی ہے

