عمان (ویب ڈیسک) — امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) نے اردن کے موفق السلتی ایئر بیس پر ہونے والے ایرانی حملوں میں ہلاک ہونے والے دو امریکی فوجیوں کی تصاویر اور تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ پینٹاگون کے مطابق یہ حملے 17 اور 18 جولائی کو کیے گئے تھے، جس کے نتیجے میں دو فوجی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ ہلاک ہونے والے فوجیوں میں ایک خاتون پیادہ اور ایک سیکنڈ لیفٹیننٹ شامل ہیں۔ترجمان پینٹاگون کے مطابق، 19 سالہ پرائیویٹ ازابیلا گونزالیس کا تعلق ٹیکساس کے شہر کیرولٹن سے تھا۔ وہ 17 جولائی کو ایئر بیس پر ہونے والے حملے کے دوران ماری گئیں۔
ازابیلا گونزالیس دسویں آرمی ایئر اینڈ میزائل ڈیفنس کمانڈ کے تحت 57 ویں ایئر ڈیفنس آرٹلری رجمنٹ کی پہلی بٹالین میں ایئر اینڈ میزائل ڈیفنس کریو ممبر کے طور پر خدمات سرانجام دے رہی تھیں۔دوسرے واقعے میں 25 سالہ فرسٹ لیفٹیننٹ ٹائلر جیمز فیہان 18 جولائی کو کارروائی کے دوران ہلاک ہوئے۔ ان کا تعلق ہوائی کے علاقے ایوا بیچ سے تھا اور وہ 32 ویں آرمی ایئر اینڈ میزائل ڈیفنس کمانڈ کے تحت 55 ویں ایئر ڈیفنس آرٹلری رجمنٹ کی دوسری بٹالین کا حصہ تھے۔ دونوں فوجی خطے میں بیلسٹک خطرات سے نمٹنے اور سیکیورٹی مشن کے تحت اردن میں تعینات تھے

