کوئٹہ:(خانزادہ یونس خلجی) مستونگ کے قریب کوئٹہ سے کراچی جانے والی ایک مسافر گاڑی پر نامعلوم مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار ایک مریضہ خاتون جاں بحق جبکہ ایک بچے سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والی خاتون کو علاج کی غرض سے ژوب سے کراچی منتقل کیا جا رہا تھا۔ واقعے کے بعد زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مسلح افراد نے گاڑی کو رکنے کا اشارہ دیا، تاہم زخمی شخص کے بیان کے مطابق گاڑی مکمل طور پر رکنے سے پہلے ہی حملہ آوروں نے دونوں اطراف سے شدید فائرنگ شروع کر دی، جس سے گاڑی گولیوں کی زد میں آ گئی۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔

