راولپنڈی ( الفجرآن لائن) بھارت کی سرپرستی میں چلنے والے ‘فتنہ الہند’ اور ‘فتنہ الخوارج’ کے دہشت گرد نیٹ ورک کے خلاف سکیورٹی فورسز کے آپریشنز کے تسلسل میں، بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے باقی ماندہ عناصر کے خاتمے کے لیے جامع مشترکہ آپریشنز کیے جا رہے ہیں۔گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے اضلاع سوراب اور مستونگ میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر علاقے کو کلیئر کرانے (سینیٹائزیشن) اور ٹارگٹڈ آپریشنز کیے، جن کے دوران دس دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ان آپریشنز کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا اور ضلع سوراب میں سات دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔ جبکہ ضلع مستونگ میں تین دہشت گرد ہلاک ہوئے اور ‘فتنہ الہند’ سے تعلق رکھنے والی دو خودکش بمبار خواتین کو ایک سہولت کار سمیت گرفتار کر لیا گیا۔دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلات (IEDs) بھی برآمد کیے گئے۔علاقے میں موجود کسی بھی دوسرے بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گرد کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں۔ ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے، پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ‘عزمِ استحکام’ کے وژن (جس کی منظوری نیشنل ایکشن پلان پر وفاقی ایپکس کمیٹی نے دی تھی) کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی بھرپور مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔

