کوئٹہ ( الفجرآن لائن) بلوچستان فوڈ اتھارٹی (بی ایف اے) نے کوئٹہ ایئرپورٹ پر خفیہ اطلاع پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملتان سے آنے والی مسافر بس سے بڑی مقدار میں مضر صحت اور ناقص مرغی کا گوشت برآمد کر کے شہر میں اس کی سپلائی کی کوشش ناکام بنا دی۔
تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر آپریشنز فخر الدین مری کی سربراہی میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے ایک خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے مسافر بس (BSB-743) کو روکا، جس کی تلاشی کے دوران بڑی مقدار میں غیر معیاری اور بدبودار مرغی کا گوشت برآمد ہوا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ گوشت انتہائی نامناسب، غیر صحت بخش اور غیر محفوظ طریقوں سے کوئٹہ منتقل کیا جا رہا تھا، جسے شہر کے مختلف ہوٹلوں، ریسٹورنٹس اور کھانے پینے کے دیگر مراکز کو سپلائی کیا جانا تھا۔
ڈائریکٹر آپریشنز فخر الدین مری نے کارروائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے ناقص اور مضر صحت خوراک کے خلاف "زیرو ٹالرنس” پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے اور عوامی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ بروقت کارروائی کے باعث مضر صحت گوشت مارکیٹ میں پہنچنے سے پہلے ہی پکڑ لیا گیا۔
بی ایف اے کی جانب سے شہریوں کے لیے ایک اہم ہدایات نامہ بھی جاری کیا گیا ہے جس میں عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مرغی کا گوشت خریدتے وقت خود احتیاط کریں، حتیٰ الامکان اپنے سامنے مرغی ذبح اور کٹوائیں تاکہ ناقص یا باسی گوشت کی فروخت سے بچا جا سکے۔ حکام نے شہریوں سے یہ بھی کہا ہے کہ کسی بھی مشکوک یا غیر معیاری خوراک کی اطلاع فوری طور پر بلوچستان فوڈ اتھارٹی کو دیں، کیونکہ عوام کے فعال تعاون سے ہی ملاوٹ اور ناقص خوراک کے کاروبار کا خاتمہ ممکن ہے۔

