کوئٹہ( الفجرآن لائن) مشیر وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے بینظیر بھٹو ایمرجنسی رسپانس ٹراما سینٹر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور وہاں مریضوں کو فراہم کی جانے والی جدید طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر کامران خان کاسی اور ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالحفیظ سیال نے مشیر وزیر اعلیٰ کو ٹراما سینٹر میں قائم جدید طبی سہولیات، ڈیجیٹل نظام اور ایمرجنسی رسپانس میکانزم پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے ٹراما سینٹر کے پیپر لیس نظام اور مکمل ڈیجیٹلائزیشن پر بھرپور اظہار اطمینان کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ بینظیر بھٹو ایمرجنسی رسپانس ٹراما سینٹر مکمل طور پر ایک پیپر لیس طبی ادارہ ہے، جہاں تمام انتظامی اور طبی امور جدید ڈیجیٹل نظام کے تحت انجام دیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ٹراما سینٹر میں مریضوں کا مکمل طبی ریکارڈ مرکزی ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے محفوظ کیا جا رہا ہے، جس سے علاج معالجے کے عمل میں شفافیت، رفتار اور مؤثریت کو یقینی بنایا گیا ہے۔
مشیر وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ حکومت بلوچستان، وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صحت کے شعبے میں پائیدار اصلاحات، جدید طبی انفراسٹرکچر اور ڈیجیٹل ہیلتھ سسٹم کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ حکومت کا بنیادی مقصد جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عوام کو تیز، شفاف اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے، اور سرکاری اسپتالوں میں نافذ ڈیجیٹل نظام اسی وژن کا ایک اہم حصہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صحت کے شعبے میں جدید خطوط پر استوار نظام نہ صرف مریضوں کے لیے بہترین علاج، مؤثر انتظامی امور اور فوری طبی خدمات کی فراہمی کا ضامن ہے بلکہ اس سے اسپتالوں کی کارکردگی، شفافیت اور احتساب کا نظام بھی مزید مضبوط ہوتا ہے، جو کہ حکومت بلوچستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

