نصیرآباد ( الفجرآن لائن) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کے احکامات کی روشنی میں کمشنر نصیرآباد ڈویژن صلاح الدین نورزئی نے ممکنہ پری مون سون بارشوں کے پیش نظر پورے ڈویژن میں ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے پیشگی حفاظتی اقدامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔ کمشنر صلاح الدین نورزئی نے کہا ہے کہ ایریگیشن، زرعی انجینئرنگ، محکمہ زراعت، لائیو اسٹاک، بلڈنگز، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سمیت تمام متعلقہ محکموں کو اپنی مشینری، افرادی قوت اور وسائل کے ساتھ مکمل طور پر متحرک رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، جبکہ حساس اور نشیبی علاقوں میں مشینری بھی الرٹ کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث غیر معمولی بارشوں کے خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام اضلاع میں محفوظ مقامات کی نشاندہی کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں عوام کو فوری طور پر منتقل کیا جا سکے۔ کمشنر نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ خود فیلڈ میں رہ کر حفاظتی انتظامات، نکاسی آب، مشینری کی دستیابی اور دیگر ضروری امور کی مسلسل نگرانی کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، اس لیے ڈویژنل انتظامیہ چوبیس گھنٹے صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ادارے مکمل طور پر تیار ہیں۔

