۔سیوی( الفجرآن لائن) کمشنر ڈویژن اسداللہ فیض کی زیرِ صدارت مون سون بارشوں کے پیشِ نظر ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے، حفاظتی اقدامات اور کنٹیجنسی پلان کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سبی میجر (ر) الیاس کبزئی، ڈپٹی کمشنر کچھی ممتاز علی کھیتران، محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ محکمہ ایریگیشن، محکمہ ایگریکلچر انجینئر نگ ، محکمہ لائیو سٹاک کے نمائندگان جبکہ ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی ساوتھ اور ڈویژنل ڈائریکٹر ہیلتھ نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر سبی میجر (ر) الیاس کبزئی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مون سون بارشوں کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹنے کے لیے ڈپٹی کمشنر آفس میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے۔ تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات مکمل کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ ڈی واٹرنگ پمپس، ٹریکٹر ٹرالیاں اور دیگر ضروری مشینری مکمل طور پر تیار رکھی گئی ہے جبکہ حساس اور نشیبی مقامات پر ڈوزرز اور ٹریکٹرز بھی تعینات کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ممکنہ بارشوں کی صورت میں سات ریلیف کیمپس بھی قائم کرنے کے لیے مقامات کی نشاندہی کر دی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر کچھی اور ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی نے بھی اپنے اپنے اضلاع میں کیے گئے حفاظتی اقدامات، مشینری کی دستیابی، ریسکیو انتظامات اور ریلیف پوائنٹس کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر کچھی نے بتایا کہ مچھ کے علاقے میں کوئلہ کانوں میں کام کرنے والے مزدوروں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا اور بارشوں کے دوران انہیں کانوں میں نہیں رہنے دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع کچھی میں 11 ریلیف پوائنٹس کی نشاندہی بھی مکمل کر لی گئی ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر سیوی ڈویژن اسداللہ فیض نے کہا کہ مون سون بارشوں کے دوران انسانی جانوں اور مال مویشی کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے محکمہ لائیو سٹاک کو ہدایت کی کہ مالداروں میں احتیاطی تدابیر اور حفاظتی اقدامات سے متعلق بھرپور آگاہی مہم چلائی جائے تاکہ مال مویشی کے نقصانات کو کم سے کم کیا جا سکے۔ کمشنر سیوی نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ اسسٹنٹ کمشنرز کو فوری طور پر حساس اور نشیبی علاقوں کا دورہ کرنے کی ذمہ داریاں سونپی جائیں، مقامی آبادی کو ندی نالوں کے قریب رہائش کے خطرات سے آگاہ کیا جائے اور بارشوں سے قبل محفوظ مقامات پر منتقلی کے حوالے سے بھرپور شعور بیدار کیا جائے۔ انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ دو روز کے اندر اپنی تیاریوں اور اقدامات پر مشتمل تفصیلی رپورٹ جمع کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ بروقت احتیاطی تدابیر اختیار کرکے انسانی جانوں اور املاک کے ساتھ ساتھ مال مویشی کے نقصانات سے بھی بچا جا سکے۔اجلاس کے دوران کمشنر سیوی ڈویژن اسداللہ فیض نے ڈویژنل ڈائریکٹر صحت کو ہدایت کی کہ مون سون بارشوں کے پیشِ نظر ڈویژن بھر کے تمام ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو پابند بنایا جائے کہ وہ تمام سرکاری ہسپتالوں میں ضروری ادویات، خصوصاً سانپ کے کاٹ کے علاج کے لیے مطلوبہ ادویات اور ویکسین کی دستیابی ہر صورت یقینی بنائیں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ایمبولینس سروسز، ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور دیگر طبی عملہ ہر وقت ہائی الرٹ رہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں عوام کو فوری اور موثر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔کمشنر سیوی نے محکمہ ایریگیشن کو ہدایت کی کہ بارشوں کے پانی کو محفوظ بنانے کے لیے ممکنہ اسٹوریج ڈیمز کے مقامات کی نشاندہی کی جائے تاکہ مستقبل میں پانی ذخیرہ کرنے کے موثر منصوبوں پر عملدرآمد ممکن بنایا جا سکے۔

