حملے کے بعد دہشت گرد سرکاری انفورسمنٹ گاڑی کو آگ لگا کر فرار
اسلام آباد/کوہاٹ (الفجرآن لائن) کوہاٹ ٹول پلازہ کے قریب دہشت گردوں نے پاکستان کسٹمز کے انفورسمنٹ اسکواڈ پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے
میں دو اہلکار جامِ شہادت نوش کر گئے جبکہ ایک اہلکار زخمی ہو گیا۔
حملے کے بعد دہشت گرد سرکاری انفورسمنٹ گاڑی کو آگ لگا کر فرار ہو گئے، جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
پاکستان کسٹمز کے مطابق دہشت گرد حملے میں سپاہی جاوید احمد اور اے ایس آئی ساجد الاسلام نے وطن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
جبکہ ایک سپاہی زخمی ہوا جسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔
ترجمان پاکستان کسٹمز نے بتایا کہ حملہ آور کارروائی کے بعد سرکاری انفورسمنٹ گاڑی کو نذرِ آتش کر کے فرار ہو گئے۔
واقعے کے فوراً بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشت گردوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

