سیلابی صورتحال، این ایچ اے ہائی الرٹ، گلگت تا شندور شاہراہ بحال
فیلڈ عملے کو ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کی ہدایت ٹیمیں متاثرہ شاہراہوں کی مسلسل نگرانی کر رہی ہیں
سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں سڑکوں اور پلوں کی بحالی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، ترجمان این ایچ اے
اسلام آباد (الفجرآن لائن)ملک کے مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نے ہنگامی اقدامات تیز کرتے ہوئے تمام فیلڈ عملے کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
چیئرمین این ایچ اے نے افسران کو سڑکوں پر موجود رہنے، ضلعی انتظامیہ سے مسلسل رابطہ رکھنے، مسافروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے اور قومی شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی ہر صورت برقرار رکھنے کی تاکید کی ہے۔
این ایچ اے نے گلگت تا شندور شاہراہ کو تمام اقسام کی ٹریفک کے لیے بحال کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔ترجمان این ایچ اے کے مطابق تمام فیلڈ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صورتحال سے ہیڈکوارٹر کو مسلسل اور بروقت آگاہ رکھیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔
ترجمان نے بتایا کہ ضلع غذر میں ینگال کے مقام پر کلومیٹر 98 پر سیلابی ریلے کے باعث پل بہہ گیا تھا، تاہم این ایچ اے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متبادل راستہ تعمیر کیا، جس کے بعد گلگت تا شندور شاہراہ دوبارہ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھول دی گئی۔
این ایچ اے کے مطابق آر ڈی 16 پل کے کناٹ (ایبٹمنٹ 1) کو مکمل طور پر صاف کر دیا گیا ہے، جبکہ آر ڈی 25 پل پر جمع ملبہ بھی ہٹا دیا گیا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ انصار کیمپ کے قریب آر ڈی 16 پل پر پتھر ڈال کر بھرائی کا کام جاری ہے تاکہ پل کو مزید محفوظ بنایا جا سکے۔
ترجمان کے مطابق جے ایس آر، سسی پل (ہنوچل) آر ڈی 25 پر پانی کا بہاؤ ایک جانب موڑ دیا گیا ہے، جس کے بعد پل کے بالائی حصے میں کھدائی کا کام بھی شروع کر دیا گیا ہے۔
این ایچ اے نے واضح کیا کہ بعض مقامات پر پانی کا بہاؤ برقرار رہنے کے باعث بھاری مشینری کی نقل و حرکت میں تاخیر ہو سکتی ہے، تاہم پانی کی سطح کم ہوتے ہی مشینری کو آر ڈی 25 پل سے آر ڈی 16 (ایبٹمنٹ 2) منتقل کر کے بحالی کے کام میں مزید تیزی لائی جائے گی۔
ترجمان نے کہا کہ این ایچ اے کی ٹیمیں متاثرہ شاہراہوں کی مسلسل نگرانی کر رہی ہیں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں سڑکوں اور پلوں کی بحالی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو محفوظ اور بلا تعطل سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

