مظفرآباد(الفجرآن لائن)چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر خوشحال خان نے کہا ہے کہ 27 جولائی سے آئین کے مطابق انتخابی عمل کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔انتخابات کے تمام انتظامات مکمل ہو چکے ہیں اور پولنگ مٹیریل ریٹرننگ افسران تک پہنچا دیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ، الیکشن کمیشن اور تمام متعلقہ اداروں نے انتخابی تیاریوں میں بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے سیکرٹری الیکشن کمیشن راجہ محمد شکیل خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔
چیف سیکرٹری آزاد کشمیر نے کہا کہ آزادکشمیر میں انتخابی ماحول عروج پر ہے۔ کارنر میٹنگز، بینرز، پوسٹرز اور سیاسی جماعتوں کے پرچم نمایاں ہیں۔وفاقی سیاسی جماعتوں کی قیادت بھی انتخابی مہم کے لیے آزادکشمیر پہنچیں اور اپنا سیاسی منشور پیش کیا۔
انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے 17 ہزار کے قریب سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔انھوں نے کہا کہ چاروں صوبوں کی پولیس
آزادکشمیر پولیس کے ہمراہ انتخابی سیکیورٹی کے فرائض انجام دے گی۔ آزادکشمیر میں ہمیشہ پرامن انداز میں حقِ رائے دہی استعمال کیا گیا ہے۔
اس بار بھی روایت برقرار رہے گی۔ آزادکشمیر میں ووٹر ٹرن آٹ ہمیشہ بلند رہا ہے، اس مرتبہ بھی بھرپور عوامی شرکت متوقع ہے۔ انھوں نے کہا کہ میرپور ڈویژن سمیت مختلف علاقوں میں انتخابی مہم اپنے عروج پر پہنچ چکی ہے۔
عوام اپنے نمائندوں کے انتخاب کے لیے پرجوش ہیں اور جمہوری عمل میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں۔ چیف سیکرٹری خوشحال خان نے کہا کہ سوشل میڈیا پر انتخابات سے متعلق گمراہ کن پروپیگنڈا پھیلانے والوں پر کڑی نظر ہے۔
انتخابی عمل میں رکاوٹ ڈالنے یا امن خراب کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ آزادکشمیر کے عوام نے انتشار اور ٹولوں کی سیاست کو مسترد کرتے ہوئے جمہوری عمل پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ شفاف، آزاد اور پرامن انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام ریاستی ادارے مکمل طور پر تیار ہیں۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری الیکشن کمیشن راجہ محمد شکیل خان نے کہا کہ آزاد کشمیر انتخابات کا پہلا مرحلہ کل میرپور میں منعقد ہوگا۔
اس حوالے سے تمام انتظامات مکمل ہیں۔ میرپور میں انتخابی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس طلب کیا گیا۔ 22 ہزار انتخابی عملہ تعینات کیا گیا ہے جبکہ پولنگ میٹریل پولنگ اسٹیشنز پر پہنچا دیا گیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ الیکشن کے صاف شفاف انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے چیف الیکشن کمشنر نے بھی میرپور کا دورہ کیا اور انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا۔ انتخابی عملے کی تربیت شفاف اور مثر انداز میں مکمل کی گئی ہے۔
الیکشن کے پرامن انعقاد کیلئے سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے، پولیس، رینجرز اور فیڈرل کانسٹیبلری تعینات ہیں۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ عوام کا سب سے بڑا ہتھیار ووٹ کی طاقت ہے۔
سوشل میڈیا پر بائیکاٹ کی پرانی ویڈیو چلوا کر بیبنیاد تاثر دیا جا رہا ہے۔تمام اضلاع میں انتخابی عمل اور مہم زوروشور سے جاری رہیں اور انتخابی مہم کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔
تمام سیاسی جماعتوں اور امیدواروں نے الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کا خیرمقدم کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ انتخابی عمل میں رکاوٹ ڈالنے والے عناصر کے خلاف عوام خود شکایات درج کرا رہے ہیں

