فیروز والا،لیہ(الفجر آن لائن)پنجاب کے شہر فیروز والا میں بارش کے پانی میں ڈوب کر ایک ہی گھر کے 3 بچے جاں بحق ہوگئے، واقعے کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا جبکہ مشتعل شہریوں نے انتظامیہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
فیروز والا کے علاقے پٹھان کالونی میں نالہ بھیڑ کا حفاظتی بند ٹوٹنے سے بارش اور نالے کا پانی رہائشی علاقے میں داخل ہوگیا، جس کے نتیجے میں علاقے میں 5 سے 10 فٹ تک پانی جمع ہوگیا اور پوری آبادی تالاب کا منظر پیش کرنے لگی۔
اسی دوران ایک ہی گھر کے 3 بچے جمع شدہ پانی میں نہاتے ہوئے گہرے پانی میں چلے گئے اور ڈوب گئے۔ اہلِ علاقہ نے اپنی مدد آپ کے تحت بچوں کو پانی سے نکال کر فوری طور پر اسپتال منتقل کیا تاہم تینوں بچے جانبر نہ ہو سکے۔
جاں بحق ہونے والے بچوں کی شناخت دانیال، نعمان اور برہان کے نام سے ہوئی ہے، جن کی عمریں 10 سے 15 سال کے درمیان بتائی جا رہی ہیں۔ واقعے کے بعد پٹھان کالونی میں صفِ ماتم بچھ گئی جب کہ مشتعل شہریوں نے انتظامیہ کے خلاف شدید احتجاج اور نعرے بازی کی۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ نالہ بھیڑ کے حفاظتی بند کی بروقت مرمت نہ کیے جانے کے باعث یہ افسوسناک سانحہ پیش آیا۔ ان کا مطالبہ ہے کہ متاثرہ علاقے سے فوری طور پر پانی نکالا جائے، حفاظتی اقدامات کیے جائیں اور غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
دوسری جانب لیہ: لیہ کے علاقے تونسہ پل، موضع دلو نشیب کے مقام پر کشتی پل کے پلر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں کشتی میں سوار 4 افراد دریائے سندھ میں جا گرے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ کشتی کے پل کے ستون سے ٹکرانے کے باعث پیش آیا۔ریسکیو اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دریا میں گرنے والے تمام افراد کی تلاش کا عمل شروع کیا اور کچھ ہی دیر میں چاروں افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔

