پاکستان دشمنوں کا خاتمہ کرینگے،دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک دہشت گردوں کیخلاف جنگ جاری رہے گی، میڈیا سے گفتگو
لاہور (الفجرآن لائن) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان دشمنوں کا مکمل خاتمہ کریں گے، دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک دہشت گردوں کیخلاف جنگ جاری رہے گی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے لکی مروت میں دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونیوالے پاک فوج کے شہید کیپٹن محمد فراز الیاس کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور شہید کی میت کو کاندھا دیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان دشمنوں کا مکمل خاتمہ کریں گے، ارض پاک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک دہشتگردوں کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی اور انہیں کیفر کردار تک پہنچا کر دم لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے ہزاروں شہداء نے جانوں کانذرانہ پیش کیا، قرآن کریم گواہی دیتا ہے شہداکومردہ مت کہووہ زندہ ہیں، شہیدکی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔
وزیراعظم نے شہید کے اہل خانہ سے ملاقات میں تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہید کے گاؤں کا نام کیپٹن فراز الیاس شہید کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ شہید کے گاؤں کو ماڈل ولیج بنایا جائے گا ، ان کا خون ضرور رنگ لائے گا۔