ڈیرہ اسماعیل خان(الفجرآن لائن) ٹانک روڈ پر ہتھالہ کے قریب دہشتگردوں کی فائرنگ سے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) سمیت 5 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ ہتھالہ کی حدود میں علی امین گنڈاپور فارم کے قریب پیش آیا، جہاں دہشتگردوں نے ڈی ایس پی کلاچی کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔
پولیس ترجمان کے مطابق اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فائرنگ کے دوران پولیس کی گاڑی الٹ گئی، جس کے باعث متعدد اہلکار زخمی ہوگئے۔
حملے میں ڈی ایس پی کفایت اللہ مروت سمیت 5 پولیس اہلکار زخمی ہوئے، زخمیوں میں اے ایس آئی محمد نعمان اور لیڈی کانسٹیبل امبر بھی شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق حملے کے نتیجے میں پولیس گاڑی کو بھی نقصان پہنچا، زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر ٹراما سینٹر اور ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
واقعے کے بعد پولیس نے علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کردی ہے، جبکہ حملہ آوروں کی تلاش کے لیے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

