Three brothers were killed and their relative injured in an IED blast near Killi Bakhtiar Khan in Duki’s Luni area.
کوئٹہ (الفجرآن لائن) دکی کے علاقے لونی میں کلی بختیار خان کے قریب آئی ای ڈی دھماکے کے نتیجے میں 3 سگے بھائی جاں بحق جبکہ ایک رشتہ دار زخمی ہوگیا۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعشوں اور زخمی کو تحویل میں لیکر ہسپتال منتقل کردیا
پولیس کے مطابق گزشتہ روز لونی کے علاقے کلی بختیار خان کے قریب تین بھائی رحمت اللہ، نعمت اور اور درانی اپنے رشتہ دار عتیق اللہ کے ساتھ کھیتوں میں جارہے تھے کہ نامعلوم ملزمان کی جانب سے تخریب کاری کے لئے زیر زمین نصب کیا گیا آئی ای ڈی دھماکہ خیز مواد زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں تینوں سگے بھائی موقع پر جاں بحق جبکہ عتیق اللہ زخمی ہوگیا۔
ایس پی دکی منصور احمد بزدار کا کہنا ہے کہ دھماکہ آئی ای ڈی کے ذریعے کیا گیا پولیس نے واقعہ کی اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچ کر نعشوں اور زخمی کو ہسپتال منتقل کردیا نعشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی اور پولیس نے واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔ مزید کارروائی دکی پولیس کررہی ہے۔

